21/05/2026
One most right decision so far from PHF. Congratulations
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اولمپین طاہر زمان کو ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ کے عہدے پر تعینات کردیا۔ اولمپین طاہر زمان جو کہ ایشیا ہاکی کے سب سے سینئر ہائی پرفارمنس کوچ بھی ہیں۔اسکے علاوہ ایف آئی ایچ اکیڈمی ٹرینر اینڈ ایجوکیٹر ، ایف آئی ایچ ہائی پرفارمنس لیول 6 کوچ بھی ہیں۔ اسکے علاوہ وہ ایف آئی ایچ رولز بورڈ کمیٹی کے ممبر کی حیثیت سے بھی فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی ، پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپین اصلاح الدین صدیقی اور اولمپین حسن سردار نے اولمپین طاہر زمان کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے تجربے سے پاکستان ہاکی کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں گے
18/05/2026
پریس ریلیز
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام ہاکی کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف ٹورنامنٹس کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔ حال ہی میں کامیاب “جشنِ بہارہ گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ” کے شاندار اختتام کے بعد ایک اور خوبصورت اور منظم ایونٹ “ال ہزارہ میجر نادر علی انٹر سکول ہاکی لیگ” کا انعقاد بابل صفدر ہاکی گراؤنڈ، گلستان روڈ مری آباد میں کیا جا رہا ہے۔
اس ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں بھرپور انداز میں شرکت کر رہی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ آج صفدر بابل گراؤنڈ میں کھیلا گیا، جس میں بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران عاشق علی بنگلزئی، فہد علی کیانی، یاسر لودھی، جمال الدین مروت، رحمان شاہ جبکہ سینئر کھلاڑی ارشد نسیم نے خصوصی شرکت کی اور بہترین کھیل سے خوب محظوظ ہوئے۔
اس موقع پر دونوں ٹیموں کا تعارف بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران سے کرایا گیا جبکہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنائی گئی۔ افتتاحی تقریب کے دوران ہزارہ کمبائن ہاکی کلب کی جانب سے شاندار انتظامات اور بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد کو بھرپور انداز میں سراہا گیا۔
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین نے ہزارہ کمبائن ہاکی کلب کے منتظم اصغر علی ہزارہ اور ان کی پوری ٹیم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مثبت اور معیاری سرگرمیوں کے انعقاد میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی اسی طرح کے مزید ٹورنامنٹس کے انعقاد کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ہاکی کے میدان میں آگے بڑھنے کے بہترین مواقع میسر آ سکیں۔
16/05/2026
🏑 بلوچستان ہاکی فیملی 🏑
تیار رہیے…
بہت جلد کچھ خاص، جذباتی اور یادگار آنے والا ہے۔
چاہے یہ ہمارے اُن پیاروں اور ہاکی لیجنڈز کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ہو جو ہم سے بچھڑ گئے، یا پھر ہماری ہاکی فیملیز کو دوبارہ ایک جگہ جمع کرنے کے لیے — ایک خوبصورت لمحہ ہمارا منتظر ہے۔
یہ انتظار بے حد خوبصورت ہوگا۔
جڑے رہیے، پُرجوش رہیے، کیونکہ بہت جلد کچھ شاندار آنے والا ہے۔
💚 ہم سب ایک خاندان ہیں۔
✨ بہت بڑا اور خاص جلد آرہا ہے…
16/05/2026
🏑 Balochistan Hockey Family 🏑
Be prepared…
Something exciting, emotional, and unforgettable is coming soon.
Whether it is to pay tribute to our beloved legends and family members who have left us, or to reunite and celebrate the bond of our hockey families once again — a beautiful moment is on its way.
The wait will be worth it.
Stay connected, stay excited, and get ready for something truly special.
💚 Together we are family.
💫 Something amazing is coming soon...
12/05/2026
پریس ریلیز
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام جشنِ بہارا ہاکی ٹورنامنٹ اختتام پذیر
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام منعقدہ جشنِ بہارا ہاکی ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ چلتن مارخور اور تکتو ایگلز کے درمیان کھیلا گیا،
فائنل میچ تکتو ایگلز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چلتن مارخور کو 3 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔
میچ کے اختتام پر تقریبِ تقسیمِ انعامات منعقد کی گئی، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیز تقسیم کیے گئے۔
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین نے دونوں ٹیموں کو فائنل تک رسائی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی، جبکہ تکتو ایگلز کو فتح پر خصوصی مبارکباد دی۔
انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر تمام منتظمین، آفیشلز، ٹیکنیکل اسٹاف اور کھلاڑیوں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس صوبے میں ہاکی کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آخر میں انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن مستقبل میں بھی ہاکی کے فروغ کے لیے ایسے مثبت اور معیاری ایونٹس کا انعقاد جاری رکھے گی۔
10/05/2026
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جشن بہارہ گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا شاندار انعقاد کروایا گیا جس میں ٹیموں اور کھلاڑی نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
تکتو ٹائیگرز ہاکی ٹیم اور چلتن مارخور ہاکی ٹیموں نے فائنل میں جگہ بنائی۔
ٹورنامنٹ کا فائنل بروز سوموار 11 مئی دوپہر پانچ بجے شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ میں کھلا جائے گا۔
29/04/2026
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام جاری "جشنِ بہارہ گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ" کامیابی کے ساتھ جاری ہے، جس میں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ آفیشلز کی بہترین کارکردگی بھی نمایاں ہے۔
ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے میں میچ آفیشلز بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے فرائض سید امین انجام دے رہے ہیں، جبکہ دیگر انتظامی آفیشلز میں عاشق علی بنگلزئی اور محمد شفیق شامل ہیں۔
ٹیکنیکل آفیشلز میں یاسر لودھی، علی حاتم خان، عباس بٹ، غلام حسین شاہوانی، محمد ایمل خان اور محمد منور خان شامل ہیں، جو میچز کے انعقاد کو شفاف اور منظم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسی طرح امپائرز پینل میں جمال الدین مروت، عبدالستار خان، محمد عدنان، عمران زہری، قاضی انسیار، محمد اسلم، محمد مقصود اور اصغر علی ہزارہ شامل ہیں، جو اپنے فرائض نہایت پیشہ ورانہ انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
ٹورنامنٹ میں چار ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جن میں
چلتن مارخور ہاکی ٹیم،
مہر دی شاہین ہاکی ٹیم،
زرغون ٹائیگرز ہاکی ٹیم
اور تکتو ایگلز ہاکی
ٹیم شامل ہیں۔ تمام ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد میں تمام ٹیموں، آفیشلز، امپائرز اور ٹیکنیکل اسٹاف کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ اپنے تمام آفیشلز اور کھلاڑیوں پر فخر کرتا ہے، جو ہاکی کے فروغ کے لیے بھرپور خدمات انجام دے رہے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق اس نوعیت کے ایونٹس صوبے میں ہاکی کے معیار کو بہتر بنانے اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
29/04/2026
پریس ریلیز
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام "جشنِ بہارہ گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ" کا شاندار انعقاد شہید نواب غوث بخش ریئسانی ہاکی گراؤنڈ میں کیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین نے کیا۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر مہمانِ خصوصی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف اور مصافحہ کیا، جبکہ ٹورنامنٹ کی مینجمنٹ کمیٹی کے اراکین سے بھی ملاقات کی گئی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ساتھ گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد بلوچستان میں ہاکی کے فروغ کے ساتھ ساتھ سینیئر، جونیئر اور انڈر-18 کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، تاکہ مستقبل میں یہ کھلاڑی قومی اور بین الصوبائی سطح پر صوبے کی نمائندگی کر سکیں۔
ایسوسی ایشن کے مطابق، اس ٹورنامنٹ کے ذریعے آئندہ بڑے ایونٹس کے انعقاد کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، جن میں بین الصوبائی (انٹر پروونشل) مقابلے بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کھلاڑیوں کے لیے خصوصی تربیتی کیمپ کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جہاں انفرادی سطح پر کوچنگ اور فٹنس پر توجہ دی جائے گی۔
ٹورنامنٹ میں سینیئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل چار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کے درمیان سنگل لیگ کی بنیاد پر میچز کھیلے جا رہے ہیں۔
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن صوبے میں ہاکی کے فروغ، ترویج اور ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہے اور اس نوعیت کے ایونٹس کے ذریعے کھلاڑیوں کو ایک مثبت، صحت مند اور مسابقتی ماحول فراہم کیا جا رہا ہے، جو ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا
Pakistan Hockey Federation Pakistan Hockey Federation Pakistan Sports Board
26/04/2026
رپورٹ
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام تعزیتی اجلاس اور خراجِ عقیدت
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایک پُروقار تعزیتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان ہاکی کے سینئر نائب صدر، مرحوم اشرف بنگلزئی کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور انہیں شاندار خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین نے کی، جبکہ بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن اور کوئٹہ ہاکی ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداران اور ہاکی سے وابستہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران مقررین نے مرحوم اشرف بنگلزئی کی بلوچستان ہاکی کے لیے گراں قدر خدمات، ان کی وابستگی، اور کھیل کے فروغ میں ان کے نمایاں کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نہ صرف ایک بہترین منتظم تھے بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک رہنما اور مشعلِ راہ بھی تھے۔
اس موقع پر بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری سید امین کی ہدایت پر فیصلہ کیا گیا کہ مورخہ 28 اپریل 2026 کو نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ میں مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کا خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔ مزید برآں، "جشن بہارا ہاکی ٹورنامنٹ" کا نام تبدیل کرکے "اشرف بنگلزئی میموریل ہاکی ٹورنامنٹ" رکھا جائے گا، تاکہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔
فاتحہ خوانی کے بعد بلوچستان بھر کے ہاکی کلبز کو اس میموریل ٹورنامنٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، تاکہ مرحوم کو عملی طور پر خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ تمام ٹیموں کے کوچز اور مینیجرز کے ساتھ گراؤنڈ میں ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوگا، جس میں ٹورنامنٹ کے انتظامی امور، ڈراز، اور ٹورنامنٹ مینجمنٹ کمیٹی کے قیام سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
بلوچستان ہاکی ایسوسی ایشن کی جانب سے تمام کھلاڑیوں، آفیشلز، سینئر و جونیئر ہاکی لوورز، اور مرحوم کے چاہنے والوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ بروز منگل، 28 اپریل 2026 کو نواب غوث بخش رئیسانی ہاکی گراؤنڈ میں شرکت کرکے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی میں شامل ہوں اور ان کی یاد کو زندہ رکھیں۔
"اشرف بنگلزئی مرحوم — بلوچستان ہاکی کا وہ چراغ جو ہمیشہ روشن رہے گا"