08/07/2026
معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کو آج دنیائے فانی سے بچھڑے 10 برس بیت گئے لیکن انکی خدمت آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔ عبد الستار ایدھی 28 فروری 1928ء کو بھارتی ریاست گجرات کے بانٹوا شہر میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد 1947ء میں وہ اپنے خاندان کے ہمراہ ہجرت کرکے کراچی میں آباد ہوئے۔ 1995ء میں عبد الستار ایدھی نے انسانیت کی خدمت کا آغاز ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے کیا اور پھرایدھی ٹرسٹ کی بنیاد رکھی جو بعد میں ملک گیر فلاحی نیٹ ورک میں تبدیل ہوگیا۔ انہوں نے بلا تفریق دکھی انسانیت کی خدمت کی اور خدمت کا یہ سلسلہ ان کی وفات کے بعد بھی جاری ہے۔ انسانیت کی خدمات کے اعتراف میں عبدالستار ایدھی کو 1989ء میں حکومت پاکستان کی جانب سے نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔ دنیا کی سب سے بڑی فلاحی ایمبولینس سروس چلانے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔ 8 جولائی 2016ء کو عبدالستار ایدھی گردوں کے عارضے کے سبب 88 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے۔ عبدالستار ایدھی کو مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کراچی میں سپرد خاک کیا گیا تھا۔ انسانیت کیلئے ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔